
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے غیر معیاری بیج فراہم کرنے والی 392 کمپنیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت نیشنل سیڈ ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (این ایس ڈی آر اے) کے بورڈ آف گورنرز کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے وژن کے مطابق ملک بھر میں معیاری بیجوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بیجوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور تصدیق شدہ بیجوں کی دستیابی کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اجلاس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت زرعی شعبے میں سخت معیارات کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے اور کسانوں کو معیاری بیجوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بیج کمپنیوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ نیشنل سیڈ ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور وفاقی بیج سرٹیفکیشن ادارے نے اپنی سفارشات پیش کیں اور وفاقی وزیر کو آڈٹ کی روشنی میں تیار کردہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر اہم فیصلہ کرتے ہوئے 392 ایسی بیج کمپنیاں، جو معیارات پر پورا نہیں اتریں، فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں موجود تمام اراکین نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق سخت اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا تاکہ ملک میں اعلیٰ معیار کے بیجوں کی پیداوار اور دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ بیج کمپنیوں کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج مل سکیں۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری اور قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مشکل لیکن ضروری فیصلے لیے جا رہے ہیں، اور حکومت کسانوں کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔